کویت اور عراق میں ایک بار پھر ریت کا طوفان، پروازیں عارضی تعطل کا شکار

کویت اور عراق میں گزشتہ روز گرد و غبار کے طوفان کے باعث معمولاتِ زندگی اور پروازوں کی آمد ورفت عارضی طور پر معطل رہیں تاہم تین گھنٹے بعد پروازیں بحال کر دی گئیں۔

کویتی جریدے القبس نے محکمہ شہری ہوا بازی (کویت سول ایوی ایشن) حکام کے حوالے سے کہا کہ گرد و غبار کا طوفان ختم ہونے پر پروازوں کا نیا شیڈول جاری کیا جائے گا جبکہ طوفان کی شدت کم ہونے پر فضائی ٹریفک بحال ہو جائے گی۔

کویت کی وزارت داخلہ نے شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو گرد و غبار کے طوفان کے باعث موسم کی غیر مستحکم صورت حال اور شاہراہوں پر حد نظر کم ہونے کے خطرے سے بھی خبردار کیا۔

کویت میں ریت کے طوفان کے باعث حدِ نظر محدود ہو جانے پر ٹریفک حادثات کے خدشات کے پیشِ نظر اور عوام کو امراضِ تنفس سے بچانے کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے جبکہ سرکاری دفاتر میں چھٹی کر دی گئی۔

ہمسایہ ملک عراق میں بھی ریت کے طوفان کی وجہ سے خراب موسم کے باعث پروازیں معطل رہیں جبکہ سرکاری دفاتر میں کام معطل کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔

کویتی محکمہ شہری ہوا بازی نے بتایا ہے کہ پیر کو پورے ملک میں گرد و غبار کے طوفان کے باعث کویت کے بین الاقوامی ایئرپورٹ سے پروازوں کی آمد و رفت مقامی وقت کے مطابق 2 بج کر 20 منٹ سے عارضی طور پر معطل کی گئی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں