صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مغربی ممالک اور افغان حکام کی جانب سے طالبان کی حمایت کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ الزام تراشی کا سلسلہ اب بند ہونا چاہئے ، افغانستان میں افغان عوام کی منشاءکے مطابق حکومت بننی چاہئے ۔افغانستان میں افغان عوام کی مرضی سے جو بھی حکومت بنی اس کی حمایت کریں گے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے ترکی کے سرکاری ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے ، وزیر اعظم عمران خان کہہ چکے ہیں کہ لڑائی افغان مسئلے کا حل نہیں ، افغانستان کا پڑوسی ملک ہونے کے ناطے پاکستان کی اہمیت ہے ، پاکستان اور امریکہ کے تعلقات ہمیشہ سے اچھے اور مضبوط رہے ہیں ،افغان عوام نے طالبان کو خوش آمدید کہا ہے ، کوئی بھی ملک افغانستان کی سابق حکومت کے زوال کا ذمہ دار نہیں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ افغانستان کی تعمیر نو کیلئے عالمی برادری کو آگے آنا ہوگا ،طالبان نے ضمانت دی ہے کہ افغانستان کی سر زمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہوگی ،افغانستان میں کسی طرح کی بھی خونریزی نہیں ہونی چاہئے ،میرا نہیں خیال کہ وہاں خواتین سے امتیازی سلوک روا رکھا جائے گا۔