وفاقی وزیر خزانہ سے وائس چیئرمین انڈس موٹر کمپنی کی ملاقات

وفاقی وزیر خزانہ اور محصولات مفتاح اسماعیل سے وائس چیئرمین انڈس موٹر کمپنی شنی یانگی نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں اہم ملاقات کی۔

اس موقع پر انڈس موٹر کمپنی کے سی ای او علی اصغر جمالی اور فنانس ڈویژن اور ایف بی آر کے سینیر افسران بھی ملاقات کے دوران موجود تھے۔

وائس چیئرمین شنی یانگی اور انڈس موٹر کمپنی کے سی ای او علی اصغر جمالی نے وزیر خزانہ کو کمپنی کی کارکردگی اور پاکستان کے ریونیو میں اس کی شراکت کے بارے میں بریفنگ دی۔

انہوں نے آئندہ بجٹ کیلئے آٹو انڈسٹری سے متعلق کچھ تجاویز بھی پیش کیں۔ انہوں نے قیمتوں اور کاروں کی فروخت کو برقرار رکھنے کیلئے آئندہ بجٹ میں آٹو انڈسٹری کیلئے حکومت سے تعاون کی درخواست کی۔

وزیر خزانہ نے شنی یانگی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت تاجر برادری کے مسائل اور ملک میں کاروباری سرگرمیوں کی توسیع میں حائل رکاوٹوں سے بخوبی آگاہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور برآمدات میں اضافے کیلئے سرمایہ کاروں اور تاجروں کو سازگار اور دوستانہ ماحول فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ بجٹ بزنس فرینڈلی ہو گا اور معیشت میں برآمدات اور کاروبار کے فروغ میں کردار ادا کرے گا۔ وزیر خزانہ نے انڈس موٹر کمپنی کے وائس چیئرمین شنی یانگی کو حکومت کے مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں