عالمی مارکیٹ میں منگل کو سونے کی فی اونس قیمت میں 3ڈالر کا اضافہ ہوگیا جس سے سونے کی قیمت 1863ڈالر فی اونس ہوگئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافے کا اثر مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی دیکھنے میں آیا اور فی تولہ سونے کی قیمت 1400 روپے بڑھ گئی جس سے ایک تولہ سونے کی قیمت ایک لاکھ 34ہزار 400 روپے ہوگئی جو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔
مقامی مارکیٹ میں 10 گرام سونے کی قیمت 1200روپے کے اضافے سے ایک لاکھ 15ہزار 226روپے ہوگئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 7اپریل کو فی تولہ سونے کی قیمت ایک لاکھ 34 ہزار 300 روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا تھا یہ ریکارڈ تقریباً ایک ماہ بعد منگل کو ٹوٹ گیا ۔
اس سے قبل پیر کو عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 24ڈالر فی اونس کی کمی ریکارڈ کی گئی لیکن اس کے برعکس مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 200روپے کے اضافے سے ایک لاکھ 33ہزار روپے ہوگئی تھی۔
جیولرز کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافے کے ساتھ پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر بھی بڑھ رہی ہے جس کا اثر سونے کی قیمت پر پڑ رہا ہے.