حکومت نے سوشل میڈیا پر غیراخلاقی ویڈیوز سے بدنام کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا، وزیرداخلہ نے کہا ہے کہ غیراخلاقی ویڈیوز، تصاویرسمیت گند پھیلانے والوں کا صفایا کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر غیراخلاقی ویڈیوزسے بدنام کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا گیا ، وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے خبردار کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر غیراخلاقی مواد پھیلانے والوں کو گرفتارکریں گے۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ ایسے مواد کو برداشت نہ کیا جائے اور سوشل میڈیا لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے کیلئے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔
وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کرنی ہے جو بلیک میلنگ کیلئے استعمال کیا جاتا ہے، مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث عناصرسے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ غیراخلاقی ویڈیوز، تصاویرسمیت گند پھیلانے والوں کاصفایا کریں گے ، اس حوالے سے ایف آئی اے اور متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کردیں ہیں۔
اس سے قبل وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی جعلی ویڈیوز کا نوٹس لیتے ہوئے معاملے پر تحقیقات کا حکم دیا تھا۔
ترجمان نے جعلی ویڈیوز پھیلانے سے گریز کا انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔