صنم چوہدری نے عیدالفطر پر اُمتِ مسلمہ کو کیا پیغام دیا ؟

شوبز انڈسٹری کو دینِ اسلام کی خاطرخیرباد کہنے والی سابقہ اداکارہ صنم چوہدری نے عیدالفطر پر اُمتِ مسلمہ کے لیے خصوصی پیغام جاری کردیا۔

اداکارہ نے اپنے آفیشل اکاؤنٹ انسٹاگرام پر جاری کیے گئے ویڈیو پیغام میں کہا کہ عید کا دن خوشیوں بھرا اور سب کے جمع ہونے کا دن ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہ رمضان میں نے اور آپ نے اپنے ایمان کے ساتھ اپنا احتساب کرتے ہوئے اور تقویٰ کرتے ہوئے گزارا تو ہی ہم عید کو اس کی اصل روح کے مطابق منا پائیں گے۔

صنم چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم نے ماہِ رمضان کے پورے روزے رکھے، اللّٰہ کے لیے سب کو معاف کیا، درگزر کیا، احسان کیا، غریبوں کو کھانا کھلایا اور ہم نے اپنے گناہوں کی سچے دل سے توبہ کی تو یہ عید کا دن اللّٰہ تعالیٰ کا ہم سب پر انعام ہے۔

اُنہوں نے اپنے چاہنے والوں سے سوال کیا کہ آپ اس عید پر کیا مانگیں گے؟ ہدایت مانگیں گے، شفا مانگیں گے یا اپنے ملک پاکستان کی ترقی اور سلامتی مانگیں گے۔

اداکارہ نے کہا کہ میں اللّٰہ تعالیٰ سے دعا کرتی ہوں کہ اس رمضان کے مہینے میں جو میں نے عزم کیا ہے، اللّٰہ مجھے اس پہ ثابت قدمی دے، آمین۔

صنم چوہدری نے اپنے تمام چاہنے والوں کو عید کی مبارکباد بھی دی۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس صنم چوہدری نے اسلام کی خاطر شوبز چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں