ایک امریکی اخبار نے دعوٰی کیا ہے کہ یوکرین کے فوجی حکام نے امریکا کی فراہم کردہ انٹیلیجنس معلومات کی مدد سے کئی روسی جرنیلوں کو ہلاک کیا ہے۔
معروف امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے بعض سینیئر امریکی حکام کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ امریکا نے یوکرین کو اس نوعیت کی خفیہ معلومات فراہم کیں کہ اُن کی مدد سے یوکرین کی افواج جنگ میں فعال بہت سے روسی جرنیلوں کو نشانہ بنانے اور ہلاک کرنے میں کامیاب ہو سکیں۔
نیو یارک ٹائمز نے ایک سینیئر امریکی عہدیدار کے حوالے سے لکھا کہ یوکرین کو ہدف طے کرنے میں معاونت فراہم کرنا بائیڈن انتظامیہ کی خفیہ کاوشوں میں سے ایک ہے تاکہ یوکرین کو میدانِ جنگ سے متعلق ریئل ٹائم خفیہ معلومات فراہم کی جا سکیں۔
اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکا نے اپنے خفیہ اور کمرشل سیٹلائٹس کے ذریعے روسی افواج کے ایسے ہیڈ کوارٹرز کی نشاندہی اور اس سے متعلق دیگر تفصیلات کے بارے میں یوکرین کو معلومات فراہم کیں جو اکثر ایک سے دوسری جگہ منتقل ہوتے رہتے ہیں۔
اخباری رپورٹ کے مطابق یوکرین کے عسکری حکام نے امریکی خفیہ معلومات کو جس میں ریکارڈ کی گئی گفتگو بھی شامل تھی، اپنے انٹیلیجنس ذرائع کی مدد سے استعمال کیا۔ اس سے سینیئر روسی فوجی افسران کو تلاش کرنے میں مدد ملی اور پھر یوکرینی افواج نے ان مقامات پر حملے کرکے سینیئر روسی جرنیلوں کو ہلاک کیا۔
یوکرینی حکام کا دعوٰی ہے کہ انہوں نے اب تک کی جنگ کے دوران روسی فوج کے تقریباً 12 جرنیلوں کو ہلاک کیا ہے۔ عسکری تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ اگر یہ اطلاعات درست ہیں تو یہ روس کو پہنچایا جانے والا سینیئر فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کا بہت بڑا نقصان ہے۔