سعودی عرب میں جاری شاہی فرمان کے مطابق یونیورسٹیوں اور اسکولوں میں عید کی تعطیلات جمعہ 22 اپریل سے شروع ہونگی۔
اسکولوں اور جامعات میں تعطیلات سے متعلق شاہی فرمان خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔ سرکاری خبر رساں ایس پی اے کے مطابق شاہی فرمان میں کہا گیا کہ تمام اسکولوں اور یونیورسٹیوں میں جمعرات 21 اپریل 2022 کو آخری دن ہوگا۔
شاہی فرمان کے مطابق تمام طلبہ کے لیے عید الفطر کی چھٹیوں کے آغاز میں ترمیم کی گئی ہے۔ اب عید کی تعطیلات جمعہ 22 اپریل 2022 سے ہوں گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل طے کیا گیا تھا کہ اسکولوں اور یونیورسٹیوں میں عید الفطر کی تعطیلات 26 اپریل سے شروع ہوں گی۔
دوسری جانب خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق مصر کی حکومت نے ملک بھر میں شہریوں کو عید کی 9 تعطیلات دینے کا اعلان کیا ہے۔ تعطیلات کا آغاز 30 اپریل سے ہوگا، جب کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے عیدالفطر کی ممکنہ تاریخ بتا دی گئی ہے۔
الامارات الیوم نے متحدہ عرب امارات میں فلکیاتی انجمن کے چیئرمین ابراہیم الجروان کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ اس سال رمضان کے 30 روزے ہوں گے اورعید الفطر پیر دو مئی 2022 کو ہونے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ عید کا چاند ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب 12 بج کر28 منٹ پر پیدا ہونے کا امکان ہے۔ اتوار کی شام سورج غروب ہونے پر جو چاند نظر آئے گا، اس وقت تک اس کی پیدائش کو ساڑھے 18 گھنٹے گزر چکے ہوں گے۔ اس لیے اتوار کی شام کو تمام عرب ملکوں میں چاند واضح طور پر دکھائی دے گا۔
واضح رہے کہ کئی غیر ملکی ماہرین فلکیات عید الفطر کی ممکنہ تاریخ کے بارے کئی ہفتے پہلے ہی پیش گوئی کر چکے ہیں۔ حال ہی میں سعودی ماہرفلکیات کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں عید الفطر 2 مئی 2022 کو متوقع ہے۔
سعودی ماہرین فلکیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ فلکیاتی مطالعے کے مطابق رواں سال رمضان المبارک کا مہینہ 30 دن پرمشتمل ہوگا۔ فلکیات کے مطالعے کے مطابق رمضان المبارک 30 دن کا ہوگا، یوں شوال کا چاند یکم مئی کی شام کودکھائی دے گا اور عید الفطر2 مئی بروز پیر کو ہوگی۔