حیدرآباد: 16اگست 2021امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ مہنگائی، کرپشن اور کرپٹ قیادت سے نجات سمیت تمام مسائل کا حل اسلامی نظام اور دیانتدار قیادت ہے۔عوام کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں جماعت اسلامی کے اہل و دیانتدار قیادت کو منتخب کرکے ملک اور اپنی آئندہ نسلوں کے مسقبل کو محفوظ بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ فیصل کالونی کچہ قلعہ میں انتخابی دفتر کے افتتاح اور نامزد امیدواروں کے ساتھ جائزہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ وارڈ 5 اور 7 کے نامزد کونسلر صنورخان اور فرقان احمد، امیر ضلع عقیل احمد خان، صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا، نائب امیر عبدالقیوم، جے آئی یوتھ کے صدر راحیل احمد قریشی، عرفان احمد قائم خانی بھی ساتھ موجود تھے۔
محمد حسین محنتی نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک کی واحد دینی و سیاسی جماعت ہے جس میں موروثیت نہیں ہےاور قیادت کرپشن سے پاک ہے۔ جماعت اسلامی اسلامی حقیقی معنیٰ میں ایک جمہوری جماعت اور حکومت کے بغیر صحت و تعلم تربیت سمیت زندگی کے مختلف گوشوں میں عوام کی خدمت اور اقامت دین کے لیے کوشاں ہے۔ صوبائی امیر نے زور دیا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں نامزد امیدواروں کی کامیابی کے لیے کارکنان بھرپور کردار ادا کریں۔ دریں اثناء صوبائی امیر نے جماعت اسلامی یوتھ کے نائب صدر محسن علی اعوان مانی کے گھر پہنچ کر ان کی عیادت اور جلد و مکمل صحتیابی کی دعا کی۔#