پاکستان اسٹاک ایکسینچ میں کاروبار میں تیزی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کو ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص خریداری میں زبردست دلچسپی نظرآئی۔

جمعہ کی صبح پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ کے دوران کےایس ای 100 انڈیکس میں 500 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور انڈیکس کی 44 ہزار کی نفسیاتی حد بھی بحال ہوگئی۔

اسٹاک سرمایہ کاروں کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے جمعرات کو دیے گئے فیصلے سے ملک سیاسی بحران سے نکل آیا ہے اور پیر سے جاری غیر یقینی کیفیت میں بھی کمی آئی ہے، اس صورت حال پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگیا اور وہ سرمایہ کاری کرنے لگے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ملک میں جاری سیاسی عدم استحکام اور غیریقینی صورتحال کے پیش نظرپاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو مندی ریکارڈ کی گئی تھی اورانڈیکس 324.27پوائنٹس کی کمی سے43786.83پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

مجموعی طور پراتوار کوقومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پر ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ اور بعد میں صدر مملکت کے اسمبلی تحلیل کا حکم آنے پر پیر سے شروع ہونے والے کاروباری ہفتے کے آغاز سے ہی اسٹاک مارکیٹ میں غیر معمولی کاروباری صورتحال دیکھنے میں آرہی ہے جس کے نتیجے میں پیر کو کےایس ای100انڈیکس میں 1250پوائنٹس کی کمی ہوئی۔

منگل کو ملا جلا رجحان رہا اورانڈیکس 26پوائنٹس بڑھ گیا۔بدھ کو 183پوائنٹس کی ریکوری آئی اور جمعرات کو 324پوائنٹس گرگئے.

اپنا تبصرہ بھیجیں