دنیا بھر میں سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر کی سروسز متاثر ہونے سے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کی سروس دنیا بھر میں متاثر ہونے کی وجہ سےکروڑوں صارفین پریشان ہوگئے ہیں جبکہ ٹوئٹر ایپلی کیشن کریش ہونے کی بھی رپورٹس سامنے آرہی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ٹوئٹر کی سروس میں خلل برطانوی وقت کے مطابق 1 بجکر 13 منٹ پر پیش آیا، جس کے نتیجے میں دنیا بھر میں صارفین کی بڑی تعداد کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ابھی تک بندش سے متعلق وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔
بندش سے متعلق ٹوئٹر انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی مؤقف نہیں دیا گیا ہے۔
متاثرہ صارفین میں 56 فیصد کے مطابق ویب سائٹ استعمال کرنے میں دشواری پیش آرہی ہے،37 فیصد صارفین نے بتایا ہے کہ ایپلی کیشن میں خرابی کا سامنا ہے جبکہ 7 فیصد کے مطابق ٹوئٹر فیڈ میں خرابی دیکھی جارہی ہے۔
سیکڑوں مایوس صارفین نے ٹوئٹر تک رسائی حاصل کرنے میں کامیابی کے بعد بندش پر شدید ردعمل دیتے ہوئے ناراضی کا اظہار کیا۔
دوسری جانب پاکستان میں ٹوئٹر کی سروس متاثر ہونے کی کوئی خاص شکایات سامنے نہیں آئیں۔
یاد رہے اس سے قبل گزشتہ ماہ فروری میں بھی ٹوئٹر کے سافٹ ویئر میں خرابی کے باعث دنیا بھی میں ہزاروں صافین کو دشواری پیش آئی تھی۔