محکمہ جنگلات نے یکم سے 14 اگست تک کا شجرکاری ہدف عبور کر لیا۔
محکمہ جنگلات نے پنجاب بھر میں 14 اگست تک 21 لاکھ کے ہدف کی بجائے 75 لاکھ 50 ہزار پودوں کی ریکارڈ شجرکاری کی۔ اس ضمن میں جہاں وزیر جنگلات سبطین خان اور سیکرٹری جنگلات شاہد زمان نے محکمہ جنگلات کے افسران کی محنت کو سراہا ہے وہیں سیاسی و سماجی حلقوں نے بھی وزیر جنگلات اور سیکرٹری جنگلات کو ہدف تکمیل پر الگ الگ مبارکباد دی ہے۔ شجرکاری مہم میں حصہ لینے والے نجی اداروں کے سربراہان، انفرادی طور پر شجرکاری کرنے والے افراد اور ممبران پنجاب اسمبلی نے سبطین خان اور شاہد زمان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ سبطین خان کی بطور وزیر جنگلات اور شاہد زمان کی بطور سیکرٹری جنگلات صوبے کو خوبصورت و سرسبز بنانے اور گرین انقلاب لانے کیلئے محنت قابل ستائش ہے۔
دوسری جانب سبطین خان نے اس کامیابی کو محکمہ جنگلات کے افسران سے منسوب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 21 لاکھ کی بجائے ساڑھے 75 لاکھ کی شجرکاری آسان نہیں تھی، لیکن افسران نے چیلنج قبول کرتے ہوئے سخت محنت کی اور کم وقت میں مشکل ہدف حاصل کیا۔ سیکرٹری جنگلات شاہد زمان نے بھی تمام چیف کنزرویٹرز اور ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسرز سے مہم کی کامیابی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ افسران کی موثر حکمت عملی اور سخت محنت کی بدولت عوام میں شجرکاری کا شعور اجاگر ہوا ہے۔ شاہد زمان نے کہا کہ یہ مہم پنجاب کی تاریخ کی سب سے بڑی شجرکاری مہم ہے جس میں ہر فرد کا انفرادی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات سرسبز پنجاب کے لئے اپنی سرگرمیوں کو جاری رکھتے ہوئے انہیں مزید وسعت دے گا۔
شاہد زمان نے کہا کہ یکم یا 14 اگست والی مہم کی کامیابی اضلاع کی آپس میں بہترین کوارڈینیشن کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ شجرکاری کا دائرہ کار بڑھانے، مون سون شجرکاری مہم کو وسعت دینے اور ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کے ہدف کی تکمیل کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں۔ وزیر جنگلات نے مزید کہا کہ پلانٹ فار پاکستان مہم سے لوگوں میں شعور اجاگر ہوا۔ شجرکاری ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ کیلئے “حفاظتی کٹ” کی حیثیت رکھتی ہے اور آئندہ دنوں اس کے بھرپور نتائج سامنے آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویثرن کے مطابق صوبے کو سرسبز بنانے کیلئے محکمہ جنگلات دن رات ایک کئے ہوئے ہے۔ سبطین خان نے مزید کہا کہ پلوشن فری پاکستان ہماری منزل ہے۔ وہ وقت قریب ہے جب وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں گرین پنجاب کا تحفہ آنے والی نسلوں کیلئے تیار ہوگا۔