بھارتی پنجاب کی نو منتخب عام آدمی پارٹی (اے اےپی) نے پنجاب سے راجیہ سبھا (سینیٹ) سیٹوں کے لیے سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ کو بھی بطور امیدوار نامزد کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب میں راجیہ سبھا کی 5 سیٹیں اگلے ماہ خالی ہوں گی، پنجاب کے 117 اسمبلی حلقوں میں سے 92 پر عام آدمی پارٹی کو کامیابی ملی ہے۔
41سالہ سابق کرکٹر ہربھجن سنگھ، دہلی کے ایم ایل اے راگھو چڈھا، اور آئی آئی ٹی دہلی کے پروفیسر ڈاکٹر سندیپ پاٹھک راجیہ سبھا کے لیے عام آدمی پارٹی کے انتخاب میں شامل ہیں۔
راجیہ سبھا کی 13 سیٹوں پر 31 مارچ کو انتخابات ہوں گے۔ 13 سیٹوں میں سے پنجاب کے قانون ساز پانچ ممبران پارلیمنٹ کے لیے ووٹ دیں گے۔
گزشتہ ہفتے پنجاب دوسری ریاست بنی تھی جہاں دہلی کے بعد اروند کیجریوال کی پارٹی نے حکومت بنائی۔