فن لینڈ نے مسلسل پانچویں بار دنیا کے سب سے خوش ملک اور قوم ہونے کا اعزازحاصل کر لیا۔
اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کی گئی ورلڈ ہیپینس رپورٹ میں سب سے زیادہ خوش اور ناخوش ممالک کی درجہ بندی کی گئی۔ جس کے تحت سب سے خوش اورمطمئن ممالک میں پہلا نمبرفن لینڈ نے حاصل کیا۔
پانچ برس قبل 2018 میں فن لینڈ کو پہلی مرتبہ سب سے خوش ملک و قوم قرار دیا گیاتھا۔ فن لینڈ کے جنگلات، وہاں عوام کو میسر پبلک سروسز کا بلند معیار، حکام پر مکمل اعتماد، شفافیت اور جرائم اور عدم مساوات کی انتہائی کم شرح اس ملک کی خصوصیات میں شامل ہیں۔
فن لینڈ کے بعد ڈنمارک دوسرے اور آئس لینڈ تیسرے نمبر پر ہے۔ ان کے بعد سوئش اور ڈچ آتے ہیں۔ امریکا تین پوزیشن کی بہتری کے ساتھ سولہویں نمبر پر قرار رہا۔ برطانیہ سترویں پر جبکہ فرانس بیسویں پوزیشن پر رہا۔
خوش ترین ممالک کی ریٹنگ میں پاکستان نے بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا۔ رپورٹ کے مطابق خوش ترین ممالک کی فہرست میں پاکستان 121 جبکہ بھارت 136 ویں نمبر پر موجود ہے۔
افغانستان 146 ممالک کی فہرست میں سب سے نچلی پوزیشن پر رہا۔ واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان کی حکومت آنے کے بعد سے وہاں کے عوام شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ جبکہ جنگ زدہ لبنان بھی افغانستان سے ایک نمبر اوپر ہے۔