کراچی ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان کی ٹیم 148 رنز پر ڈھیر ہوگئی، آسٹریلیا نے فالو آن کروائے بغیر دوسرے اننگز 408 رنز کی برتری کے ساتھ شروع کردی۔
پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز کا آغاز کیا گیا تو اوپنر عبداللّٰہ شفیق 13 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔
The review couldn’t save Fawad from that blazing Yorker. #BoysReadyHain l #PAKvAUS pic.twitter.com/R6vztIRLRB
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) March 14, 2022
میچ میں کھانے کے وقفے کے فوری بعد امام الحق 20 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی بال پر نیتھن لیون کو کیچ دے بیٹھے۔
ٹیم کا اسکور 60 رنز پر پہنچا تو اظہر علی 14 رنز پر اسٹارک کا شکار بنے جبکہ اگلی ہی بال پر فواد عالم صفر پر پویلین واپس لوٹ گئے۔
ان کے بعد آنے والوں میں رضوان 6، فہیم 4، ساجد 5 اور حسن علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔
کپتان بابر اعظم 36 رنز کے ساتھ مہمان ٹیم کی تباہ کن بولنگ کا سامنا کرسکے، جبکہ پوری ٹیم 148 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک 3 وکٹیں لے کر نمایاں رہے، جبکہ ڈیبیو کرنے والے مچل سویپسن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ان کے علاوہ پیٹ کمنز، نیتھن لائیون اور کمرون گرین نے ایک ایک وکٹ لی۔
اس سے قبل مہمان ٹیم نے تیسرے دن کا کھیل گزشتہ روز کے اسکور 505 رنز 8 کھلاڑیوں آؤٹ سے شروع کیا تو شاہین شاہ نے 28 رنز بنانے والے مچل اسٹارک کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ٹیم کا اسکور 556 رنز ہوا تو وکٹ پر 34 رنز بنا کر موجود کپتان پیٹ کمنز نے اننگز ڈیکلیئر کردی۔
پہلی اننگز میں آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ 160 اور ایلکس کیری 93 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف اور ساجد خان نے 2، 2 وکٹ حاصل کیے جبکہ شاہین آفریدی ، نعمان علی،حسن علی اور کپتان بابر اعظم نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔