یہ تاثر غلط ہے کہ ہم آسٹریلیا سے ڈر رہے ہیں: بابراعظم

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کاکہنا ہےکہ یہ تاثر غلط ہے ہم آسٹریلیا سے ڈر رہے ہیں اور پنڈی ٹیسٹ کی وکٹ آسٹریلیا سے ڈر کر بنائی گئی۔

ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ پنڈی کی نسبت کراچی میں گرمی زیادہ ہے، پنڈی ٹیسٹ میں انفرادی اور بحیثیت ٹیم کی کارکردگی اچھی رہی، تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے ہم آسٹریلیا سے ڈر رہے ہیں اور پنڈی ٹیسٹ کی وکٹ آسٹریلیا سے ڈر کر بنائی گئی ، کنڈیشن دونوں ٹیموں کیلئے اہم ہیں،کراچی ٹیسٹ کی وکٹ اسپنر کو مدد کرے گی، کراچی ٹیسٹ کیلئے پلیئنگ الیون میں تبدیلی ہوگی، دو اہم کھلاڑی واپس آئے ہیں، آج مزید وکٹ کا جائزہ لے کر حتمی فیصلہ کریں گے، وکٹ جیسی بھی ہو اس پر پرفارم کرنا زیادہ اہم ہوتا ہے۔

بابراعظم کا کہنا تھاکہ یہ تاثر بھی غلط ہے کہ پاکستانی بیٹسمین سست کھیلے، یہ کسی نے نہیں دیکھا کہ عبداللہ شفیق اور امام الحق کم بیک کررہے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آسٹریلیا کے جس اسپنر کا ڈیبیو ہورہا ہے اس کو دیکھا نہیں، اس کی ویڈیو دیکھ کر تیاری کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں