اسرائیل کا ہزاروں یوکرینی باشندوں کو شہریت دینے کا اعلان

اسرائیلی وزیر داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ مملکت 25 ہزار یوکرینی شہریوں کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔

پہلے اور فوری مرحلے میں جنگ شروع ہونے سے پہلے ہی اسرائیل میں موجود 20 ہزار یوکرینی شہریوں کو عارضی دستاویزات جاری کئے جائیں گے۔

ان یوکرینی باشندوں میں سے زیادہ تر کے پاس اسرائیل میں قیام کا قانونی جواز تو نہیں، لیکن انہیں جنگ ختم ہونے تک اسرائیل میں قیام کی اجازت دی جائے گی۔

اس کے علاوہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اسرائیل جنگ زدہ یوکرین سے آنے والے مزید 5 ہزار شہریوں کو ملک میں داخلے اور قیام کے لیے تین مہینے کا عارضی ویزا جاری کرے گا۔

اس عرصے کے بعد بھی اگر جنگ جاری رہی تو ان یوکرینی مہاجرین کو کام کرنے کی اجازت بھی دے دی جائے گی۔

وزیر داخلہ آئیلٹ شاکید کا کہنا ہے کہ ہر یوکرینی شہری جو کہ اس نئے پروگرام کے تحت اسرائیل آنا چاہتا ہے وہ اسرائیلی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر آن لائن درخواست جمع کرا سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسرائیلی شہری بھی یوکرینی باشندوں کو اسرائیل بلانے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

ہر اسرائیلی شہری ایک یوکرینی خاندان کی میزبانی کرسکتا ہے اور ان درخواستوں کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے گا۔

آئیلٹ شاکید نے کہا کہ یوکرین میں خطرات کم ہونے تک امکان ہے کہ لاتعداد یوکرینی شہری اسرائیل میں قیام کریں گے۔

اسی وجہ سے ریاست نے اگلے ہفتوں اور مہینوں تک جنگ زدہ علاقے سے نقل مکانی کرنے والے ایک لاکھ یوکرینی افراد کے اسرائیل میں قیام کے لیے “واپسی کے قانون” کے تحت فریم ورک تشکیل دیا ہے۔

جنگ سے بچنے کے لیے ہجرت کرنے والے یوکرینیوں کا تعلق یہودی گھرانوں سے ہے تو وہ اسرائیل آسکتے ہیں اور مکمل شہریت حاصل کرسکتے ہیں۔

اس اقدام کے بعد اسرائیل جنگ زدہ ملک سے بھاگنے والے شہریوں کو پناہ فراہم کرنے والے دنیا کے بڑے ممالک میں سے ایک ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں