راولپنڈی: پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری ہے اور گرین کیپس نے ایک وکٹ کے نقصان پر 171 رنز بنا لیے ہیں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا اور قومی ٹیم کو پہلا نقصان 105 رنز پر ہوا جب عبداللہ شفیق چھکا لگانے کی کوشش میں ناتھن لیون کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔ امام الحق 92 اور اظہر علی 30 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
قبل ازیں ٹاس جیت کر پاکستان کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ وکٹ دیکھنے میں بہت اچھی لگ رہی ہے اور اسکور بورڈ پر بڑا ٹوٹل سجانے کی کوشش کریں گے، وکٹ آخری دنوں میں اسپینرز کے لیے سازگار ہو سکتی ہے۔
قومی ٹیم میں بابر اعظم کے علاوہ محمد رضوان، امام الحق، عبداللہ شفیق، اظہر علی، فواد عالم، افتخار احمد، ساجد خان، نعمان علی، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ شامل ہیں۔