روسو کی اہلیہ کا شوہر کو ملتان سلطانز کے ساتھ ہی کھیلنے کا مشورہ

پاکستانی سپر لیگ میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے جنوبی افریقی کرکٹر رائلی روسو نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی اہلیہ نے انہیں آئندہ کئی سالوں تک اسی ٹیم کے ساتھ رہنے کا مشورہ دیا ہے۔

سیزن سیون کی رنر اپ ٹیم کے کھلاڑی اپنے اپنے وطن واپس روانہ ہوگئے لیکن وہ پی ایس ایل کے حوالے سے اپنے تجربات سے شائقین کرکٹ کو آگاہ کررہے ہیں۔

پی ایس ایل کے اختتام کے موقع پر رائلی روسو کی جانب سے بھی سلطانز کی ٹیم اور مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایک پیغام شیئر کیا گیا جس میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگلے سیزن میں سلطانز کے ہمراہ پھر ملاقات ہوگی۔

کرکٹر کی ٹوئٹ کو ای ایس پی این کرک انفو نے اپنے ٹوئٹر پر شیئر کیا جس پر ایک صارف نے جواب دیا کہ ‘رائلی ہم آپ کو اگلے 6 سے 7 سال تک دیکھنا چاہتے ہیں’۔

روسو نے مداح کی ٹوئٹ پر ردعمل دیا اور تعجب والا ایموجی بناتے ہوئے کہا کہ ‘میری اہلیہ نے بھی مجھ سے یہ ہی کہا تھا’۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن سیون میں مسلسل فتح حاصل کرنے والی ملتان سلطانز کی ٹیم کو فائنل میں لاہور قلندرز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں