صدر مملکت نے انکم ٹیکس ترمیمی آرڈیننس 2022 جاری کر دیا

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے صنعتی ترقی کے لیے انکم ٹیکس ترمیمی آرڈیننس 2022 جاری کر دیا۔

انکم ٹیکس ترمیمی آرڈیننس کا مقصد ملک میں سرمایہ کاری اور صنعتوں کا فروغ ہے جبکہ آرڈیننس کے تحت نقصان میں جانے والی اور بیمار صنعتوں کو دوبارہ زندہ کرنے کے لیے پیکج دیا گیا ہے۔

آرڈیننس کے تحت انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 میں سیکشن 59 سی، 65 ایچ اور 100 ایف کا اضافہ کیا گیا۔ نئی صنعتوں کے قیام کے لیے ظاہر کردہ اثاثوں پر سرمایہ کاروں کو صرف 5 فیصد مقرر ٹیکس دینا ہو گا۔

ظاہر کردہ فنڈز صرف پلانٹ و مشینری خریدنے، انڈسٹری کے قیام کے لیے استعمال ہو سکیں گے جبکہ حوصلہ افزائی کے لیے بیمار صنعت کا ٹیکس نقصان اگلے 3 سال کے لیے ایڈجسٹ کیا جا سکے گا۔

جاری کردہ آرڈیننس کے مطابق سمندر پار پاکستانی اور بیرون ملک اثاثوں کے حامل پاکستانی سرمایہ کاری کر سکیں گے جبکہ سرمایہ کار پیکج کے تحت واپس لائی گئی رقم پر 100 فیصد ٹیکس کریڈٹ کے اہل ہوں گے۔ پیکج کے تحت واپس لائی گئی رقم کے برابر ٹیکس کریڈٹ صرف 5 سال تک دیا جائے گا۔

صدر مملکت نے وزیر اعظم کی ایڈوائس پر آئین کے آرٹیکل 89 کے تحت آرڈیننس جاری کیا.

اپنا تبصرہ بھیجیں