قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں جس کے باعث ان کی آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شرکت غیریقینی ہو گئی ہے۔
حارث رؤف کو پاکستان سپر لیگ میں عمدہ کارکردگی اور بہترین فارم کی بنیاد آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق حارث رؤف کا ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ مثبت آیا جس کے بعد وہ آئسولیشن میں چلے گئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ اس حوالے سے مزید معلومات بعد میں جاری کرے گا لیکن کووڈ کا شکار ہونے کے بعد فاسٹ باؤلر کی آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق کووڈ پروٹوکول کے تحت اب پوری پاکستانی ٹیم کے دوبارہ ٹیسٹ کیے جائیں گے اور وائرس کا شکار ہونے والے کھلاڑی کو پانچ دن تک آئسولیشن میں رہنا ہو گا۔
واضح رہے کہ پاکستان کی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل ہی انجری مسائل سے بھی دوچار ہو گئی ہے اور حسن علی کے ساتھ ساتھ فہیم اشرف بھی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔
دونوں ہی کھلاڑی پاکستان سپر لیگ کے دوران انجری کا شکار ہوئے تھے۔
حسن اور فہیم کے انجری کا شکار ہونے کے بعد ان کی جگہ افتخار احمد اور وسیم جونیئر کو اسکواڈ کا حصہ بنا لیا گیا تھا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 4 مارچ سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان کا اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
بابر اعظم(کپتان)، محمد رضوان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، اظہر علی، فواد عالم، حارث رؤف، افتخار احمد، امام الحق، محمد وسیم جونیئر، نعمان علی، ساجد خان، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور زاہد محمود۔