وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کا بجلی اور گیس چوری پکڑنے والا یونٹ ختم کردیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے نے تمام افسران کے دیگر سرکلز میں تبادلے کردیے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر، انسپکٹرز اورسب انسپکٹرزسمیت23 اہلکاروں کا تبادلہ کیا گیا ہے۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ختم کیے جانے والے یونٹ نے 5 جولائی کو قصور میں ایک حکومتی رکن قومی اسمبلی سردار طالب نکئی کی فیکٹری سے بجلی اور گیس چوری پکڑی تھی، بعض وزرا کے دباؤ پر پورا یونٹ ختم کردیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے انسپکٹر رانافیصل منیر کے مطابق ملازمین کا تبادلہ کسی دباؤ کے تحت نہیں بلکہ انتظامی معاملہ ہے، بجلی اور گیس چوری پکڑنے والا یونٹ اینٹی کرپشن سرکل میں ضم کردیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یونٹ لیسکو، گیپکو اورایس این جی پی ایل میں بجلی وگیس چوری کی تحقیقات کرےگا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور نے زیرالتوا انکوائریز اور مقدمات کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔