آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز کا کہنا ہے کہ خود کو پاکستان میں ناقابل یقین حد تک محفوظ محسوس کر رہا ہوں۔
آسٹریلیا کی ٹیم 24 سال کے طویل عرصے بعد آج صبح اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچی تھی جہاں سے ٹیم کو سخت سکیورٹی میں ہوٹل لے جایا گیا۔
آسٹریلوی کھلاڑی دو روز تک بائیو سکیور ببل میں رہیں گے اور پھر تمام کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ ہوں گے جس کے بعد کورونا ٹیسٹ منفی آنے والے کھلاڑی پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں میں حصہ لے سکیں گے۔
آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے پاکستان پہنچنے کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ کھلاڑیوں کو سکیورٹی کے حوالے سے تحفظات تھے لیکن کرکٹ آسٹریلیا نے یقین دلایا کہ انہیں بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
پیٹ کمنز کا مزید کہنا تھا کہ میں خود کو پاکستان میں ناقابل یقین حد تک محفوظ محسوس کر رہا ہوں اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ہمارا بہت اچھا خیال رکھا جا رہا ہے، جب ہم پہنچے تو بہت زیادہ سکیورٹی موجود تھی، ہمیں جہاز سے اتارنے کے بعد سیدھا ہوٹل پہنچایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بہترین سکیورٹی انتظامات کے باعث ہمیں کسی قسم کا کوئی مسئلہ نہیں ہے اور تمام کھلاڑیوں کی پوری توجہ کرکٹ پر ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 4 مارچ سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ، تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا۔