اسلام آباد : قائداعظم یونیورسٹی میں یوم آزادی کے سلسلے میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا. وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے قومی پرچم لہرایا اور وطن عزیز کے پچھترویں یوم آزادی کے موقع پر شرکا کو مبارک باد پیش کی.
اپنے خطاب انھوں نے کہا کہ ہم نے آزادی کا طویل سفر طے کیا ہے. اب ہمیں دیکھنا ہو گا کہ کیا آج یہ وہی پاکستان ہے جس کا خواب قائداعظم محمد علی جناح نے دیکھا تھا. ان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے مختصر مدت کے لئے حکومت کی مگر انھوں نے ریاست کے سارے رہنما اصول طے کر دئیے تھے. قائداعظم نے بہترین خارجہ پالیسی بھی وضع کی کہ کس طرح ہم نے دیگر اقوام کے ساتھ پرامن رہنا ہے.
قائداعظم محمد علی جناح تعلیم کے فروغ کے اس قدر خواہاں تھے کہ انھوں نے وراثت میں سے ایک خطیر رقم پاکستان کے تعلیمی اداروں کے لئے مختص کی.
وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی نے مزید کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح ایک مثالی شخصیت ہیں، جنھوں نے ہمیں محترم فاطمہ جناح کی صورت میں ملک و ملت کی ترقی خواتین مثالی کردار سے آگاہ کیا.
پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ ہمیں بھی دیانت داری کے ساتھ ملک کی بقا کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے اور اپنے حصے کا دیا جلانا ہو گا۔
اساتذہ، ملازمین اور طلبا و طالبات کی کثیر تعداد نے تقریب میں شرکت کی.