اسٹاک مارکیٹ 100 انڈیکس میں کاروباری دن کے پہلے روز مندی کا رجحان دیکھا جارہا ہے۔
پی ایس ایکس کی ویب سائٹ پر جاری اعداد و شمار کے مطابق کاروباری دن کے دوران 271 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی اور 2 بج کر 39 منٹ پر 100 انڈیکس 45 ہزار 404 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کررہا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ورلڈ کال ٹیلی کام لمیٹڈ کے شیئر کی قیمت 5.15 فیصد کمی سے 1.84 روپے، بینک آف پنجاب کے شیئر کی قیمت 0.73 فیصد کم ہوکر8.2 روپے ہوگئی جبکہ ہم نیٹ ورک لمیٹڈ کے شیئر کی قیمت 1.88 فیصد بڑھ کر 7.59 روپے ہوگئی۔
تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ اسٹاک میں حصص کی فروخت کا رجحان زیادہ ہے اور سیلنگ پریشر کے باعث مختلف کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتیں گِررہی ہیں جس کے زیراثر اسٹاک مارکیٹ دباؤ کا شکار ہے۔
واضح رہے کچھ روز سے اسٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان دیکھا جارہا ہے جس پر تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی بلند قیمتوں اور اس کے نتیجے میں پاکستان پر تجارتی خسارے کا بوجھ بڑھنے کے پیش نظر سرمایہ کار محتاط نظر آرہے ہیں اور ان کا خیال ہے کہ مقامی طور پر تیل کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی مزید بڑھ سکتی ہے جبکہ پاکستانی روپے پر بھی دباؤ میں اضافے کا خدشہ ہے.