ایچ بی ایل پی ایس ایل کی ٹیم پشاور زلمی کے نوجوان وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کا کہنا ہے کہ میرا ابھی کوئی ہیرو نہیں ہے، خود اپنا ہیرو بنوں گا۔
محمد حارث نے پشاور زلمی کی جانب سے پی ایس ایل کے لاہور میں کھیلے جانے والے میچز میں ٹاپ آرڈر پر کھیلتے ہوئے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور سب کی توجہ حاصل کر لی۔
محمد حارث کا کہنا ہے کہ مجھے توقع تھی کہ پی ایس ایل میں موقع ملا تو اچھا پرفارم کروں گا کیونکہ پی ایس ایل ایسا پلیٹ فارم ہے کہ جہاں اچھا پرفارم کریں تو ہر طرف سے پزیرائی ملتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پشاور زلمی نے مجھے ہمیشہ سپورٹ کیا ہے، مجھے نکھارنے کے لیے بھی ساتھ رکھا تھا، اب موقع دیا تو پرفارمنس ہوئی اس پر چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کی تعریف سے بہت حوصلہ افزائی ہوئی، میں متحرک ہوا کہ چیئرمین پی سی بی نے تعریف کی ہے تو اب مزید اچھا کرنا ہے۔
محمد حارث کہتے ہیں کہ کپتان وہاب ریاض، شعیب ملک اور کامران اکمل بہت سپورٹ کر رہے ہیں، ان کو بچپن سے کھیلتے دیکھتا آ رہا ہوں، وہاب ریاض بتاتے ہیں کہ فاسٹ بولنگ کو کیسے کھیلنا ہے جبکہ کامران اکمل وکٹ کیپنگ میں سمجھاتے ہیں اور شعیب ملک فٹ رہنے کے گُر بتاتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ غیر ملکی وکٹ کیپر بیٹرز میں جوز بٹلر پسندیدہ ہیں، انگلینڈ کے وکٹ کیپر بیٹر جوزبٹلر سے متاثر ہوں جبکہ پاکستان میں محمد رضوان فیورٹ ہیں جہاں تک ہیرو کی بات ہے تو میرا ابھی کوئی ہیرو نہیں ہے، میں اب خود اپنا ہیرو بنوں گا۔
محمد حارث نے پی ایس ایل میں ٹاپ فائیو میں رہنے کو اپنا ٹارگٹ قرار دیا ہے اور کہتے ہیں اگرچہ میچز کم ہیں لیکن کوشش اور ٹارگٹ ٹاپ فائیو میں رہنا ہے۔