صومالیہ میں دھماکہ، انتخابی امیدوار سمیت 15 افراد جاں بحق

موغادیشو: صومالیہ میں خودکش حملے کے نتیجے میں 15 سے زائد افراد جاں بحق اور 20 افراد زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وسطی صومالیہ کے شہر بلد وینہ کے ایک کیفے میں خود کش حملہ آور نے خود کو بم سے اڑا لیا۔ دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ جہاں پر متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پولیس کے مطابق خود کش حملہ صوبہ حران کے دارالحکومت بلد وینہ میں ایک پُر ہجوم کیفے میں کیا گیا جہاں اُس وقت کئی سیاستدان اور مقامی حکام موجود تھے۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ انتہائی زوردار تھا جس کے بعد جائے وقوعہ پر بھگدڑ مچ گئی۔ جاں بحق افراد میں فوجی اہلکار اور عام شہری بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ بلد وینہ شہر میں پارلیمانی انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں جبکہ دھماکے میں ایک انتخابی اُمیدوار کے جاں بحق ہونے کی بھی اطلاع ہے۔

اطلاعات کے مطابق القاعدہ کی ذیلی عسکریت پسند تنظیم الشباب نے اِس خود کش حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ الشباب نے گزشتہ چند ہفتوں میں انتخابات کے انعقاد کے دوران ملک کے متعدد شہروں میں بم حملے کیے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں