لندن: برطانیہ میں پناہ لینے والے افغان شہریوں کو غیر قانونی قرار دیے جانے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
مؤقر انگریزی اخبار عرب نیوز کے مطابق برطانیہ میں پناہ لینے والے افغان شہریوں کے وکلا نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پناہ گزینوں کو جلد غیر قانونی قرار دیے دیا جائے گا کیونکہ تاحال انہیں متعلقہ کاغذات نہیں دیے گئے ہیں۔
افغان شہریوں کے وکلا نے یہ بھی کہا ہے کہ ابھی تک یہ بھی معلوم نہیں ہے کہ ان کے مؤکلین کو مزید کتنے کاغذات درکار ہوں گے۔
واضح رہے کہ برطانیہ میں پناہ لینے والے افغان شہریوں کے لیے جاری کردہ عارضی ویزوں کی مدت آئندہ چند دنوں میں ختم ہو جائے گی۔
یاد رہے کہ افغانستان سے برطانیہ اور نیٹو نے افغان شہریوں کو طالبان کے برسر اقتدار آنے کے بعد نکالا تھا اور انہیں چھ ماہ کے ویزے جاری کیے تھے۔ اس وقت یہ وعدہ کیا گیا تھا کہ ان لوگوں کو مستقل رہائش اختیار کرنے کا اجازت نامہ جاری کیا جائے گا جو تاحال نہیں دیا گیا ہے۔
افغان شہریوں کے مطابق درکار کاغذات کے بنا نہ وہ قانونی طور پرکام کرنے کے مجاز ہیں، نہ کرائے پہ گھرلے سکتے ہیں، نہ بینک اکاؤنٹ کھول سکتے ہیں اور نہ ہی انہیں صحت کی دستیاب سہولتیں مل سکتی ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق لا سوسائٹی کی صدر سٹیفنی بوئس کا کہنا ہے کہ ہوم آفس کو فوری طور پر ان لوگوں کو کام کرنے، تعلیم حاصل کرنے اور رہائش کے لیے ثبوت مہیا کرنے چاہئیں۔