جشن آزادی نمائشی ہاکی میچ اولمپیئین اصلاح الدین الیون نے جیت لیا
ڈاکٹر محمد علی شاہ الیون کو 3-2 سے شکست، علی عباس، سید احمد علی اور ارسلان قادر نے گول اسکور کئے
مہمان خصوصی اولمپیئین کاشف جواد نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے
کراچی : اولمپیئن اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ ہاکی اکیڈمی میں یوم پاکستان کی مناسبت سے کھیلا گیا جشن آزادی نمائشی ہاکی میچ اولمپیئین اصلاح الدین الیون نے جیت لیا، حریف ٹیم ڈاکٹر محمد علی شاہ الیون کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست کا سامنا ، فاتح ٹیم کی جانب سے ارسلان قادر، علی عباس اور سید احمد علی نے ایک، ایک گول اسکور کیا جبکہ شکست خوردہ ٹیم کی جانب سے عثمان خان اور محمد عیسٰی خان نے گول اسکور کئے.
نمائشی میچ کے مہمان خصوصی اولمپیئین کاشف جواد نے انعامات تقسیم کئے. مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کہا کہ جشن آزادی ہمیں محبت، امن، اخوت اور جذبہ ایثار کا درس دیتی ہے، پاکستان ہمیں عظیم قربانیوں کی بدولت ملا اس دن کی ہمیں قدر کرنی چاہیے اور قومی جذبے کیساتھ ہمیں ایونٹس منعقد کرنے چاہئیں تاکہ ہماری نوجوان نسل کو قربانی کی اہمیت کا علم ہو، آخر میں مہمان خصوصی نے فاتح ٹیم کے کپتان ظفیر احمد کو وننگ ٹرافی جبکہ شکست خوردہ ٹیم کے کپتان راجو کو رنراپ ٹرافی دی، اس موقع پر اولمپیئین اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ ہاکی اکیڈمی کی ویمینز ہاکی ٹیم کی کوچ مسز سعیدہ خانم کپتان لاریب چوہان ، جبکہ کوچز سید صغیر حسین، سید آل حسن، اسد ظہیر ، منیجر محمد اسلم اور تماشائیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی.