سعودی آرمی چیف پہلی مرتبہ بھارت پہنچ گئے، تاریخی دورے کی تفصیلات سامنے آگئیں

سعودی عرب کے آرمی چیف فہد بن عبداللہ محمد المطیر نے رواں ہفتے بھارت کا تاریخی اور اہم پہلا دورہ کیا۔

بھارتی وزارت دفاع کی پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ سعودی عرب کی بری فورسز کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل فہد بن عبداللہ محمد المطیر پیر کو بھارت پہنچے تھے اور انہوں نے بدھ کو اپنا تین روزہ تاریخی دورہ مکمل کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ رائل سعودی لینڈ فورسز کے کسی حاضر سروس کمانڈر کا بھارت کا پہلا دورہ تھا اور اس دورے نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے ہونے والے اس دوطرفہ دفاعی تعاون کی نشاندہی کی جس کا مقصد تعاون کو مزید تقویت دینا ہے۔

سعودی فوجی سربراہ نے اپنے دورے کے دوسرے روز نئی دہلی میں بھارتی آرمی چیف منوج مکند نروانے سے ملاقات کی، اس موقع پر انہیں روایتی گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔بھارتی وزارت دفاع نے کہا کہ بعد میں دونوں آرمی چیفس نے اہم دوطرفہ معاملات پر بات چیت کی، جس دوران بھارتی جنرل نے اپنے ہم منصب کو سیکیورٹی کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی۔

بھارتی فوج کے ایڈیشنل ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پبلک انفارمیشن نے اپنے بیان میں یہ بھی بتایا کہ دونوں سربرہان نے دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ بھارت اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات اقتصادی خوشحالی، دہشت گردی کے خاتمے اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کے مشترکہ مفادات کے باعث فروغ پا رہے ہیں، ڈیفنس سفارت کاری مجموعی تعلقات کے اہم اصولوں میں سے ایک ہے۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے بیان کے مطابق سعودی فوج کے سربراہ نے کہا کہ ان کا دورہ فوجی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ایک اہم قدم تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں