متحدہ عرب امارات کی حکومت نے پانچ کیٹگریز میں غیرملکیوں کو کفیل کے بغیر طویل المدت اقامے دینے کا ایک پروگرام متعارف کرایا ہے۔
اماراتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دس اور پانچ سالہ اقامہ بغیر کفیل کے دیا جائے گا، جبکہ امارات میں مقیم غیرملکیوں کو پانچ سالہ ریٹائرمنٹ ویزا دیا جائے گا۔
ان اقاموں کی میعاد، ویزے اور کفیل کی نوعیت کے حوالے سے مختلف ہوگی۔ اقامہ ایک، دو، تین، پانچ اور دس برس کا بھی دیا جاسکتا ہے۔ اس کے لیے غیرملکی کو کفیل کی خدمات کی ضرورت نہیں ہوگی۔
اقامے کے اجرا کی پالیسی میں تبدیلیوں کے مطابق پانچ اور دس سالہ اقامہ مخصوص شرائط کے ساتھ مقررہ زمروں کے افراد کو دیا جائے گا۔ اس کے تحت پانچ سالہ یا دس سالہ اقامے سرمایہ کاروں، نئے قسم کا کاروبار کرنے والوں اور منفرد صلاحیت کے حامل افراد کو دیے جارہے ہیں۔
امارات سے باہر رہنے والے غیرملکیوں کو بھی یہ سہولت حاصل ہوگی۔ غیرملکیوں کے اہل خانہ اماراتی کفیل کی خدمات حاصل کیے بغیر طویل المیعاد اقامے سے فائدہ اٹھا کر امارات میں ملازمت اور تعلیم نیز رہائش کی سہولت حاصل کرسکتے ہیں۔
جبکہ وہ 100 فیصد ملکیت والے کاروبار بھی کرسکیں گے اور اسکے لیے ضروری نہیں ہوگا کہ وہ کسی اماراتی کو کاروبار میں شریک کریں۔