اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغانستان کے مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں مستقل امن کے لیے سیاسی تصفیہ ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امن کے لیے سیاسی مذاکرات آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہیں۔
یہ بات عراق کے وزیر خارجہ ڈاکٹر فواد حسین سے ملاقات کے دوران کہی جنہوں نے وزیراعظم سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
وزیراعظم عمران خان نے معزز مہمان سے بات چیت میں کہا کہ عراق کے ساتھ باہمی عقیدے اور ثقافت کی بنیاد پر بہترین تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے عراق کے آئندہ انتخابات کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے عراق کی تعمیر نو میں عوام کے عزم کو سراہا اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر عراقی وزیر خارجہ ڈاکٹر فواد حسن سے کہا کہ افغانستان میں امن قائم کرانا عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
وزیراعظم نے بات چیت میں اپنے عراقی ہم منصب کے جلد دورہ پاکستان کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے خطے میں امن کے لیے عراق کی کاوش کو سراہا۔
عراق کے وزیر خارجہ ڈاکٹرفواد حسن نے عراقی وزیراعظم کو دورہ پاکستان کی دعوت دینے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کو بھی دورہ عراق کی دعوت دی۔
معزز مہمان ڈاکٹر فواد حسن نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم عمران خان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔