قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر اور پاکستان سپر لیگ کی ٹیم لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر اور ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کو حقیقی رول ماڈل قرار دیا ہے۔
گزشتہ روز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو شکست دی تھی لیکن ملتان سلطانز کی بیٹنگ کے ابتدائی اوورز میں شاہین شاہ آفریدی کی گیند روکنے کے بعد محمد رضوان کے ردعمل نے سب کے دل جیت لیے تھے۔
شاہین شاہ آفریدی کی جانب سے گیند پکڑنے کی کوشش کے بعد ڈرانے کے لیے رضوان کی جانب اشارہ کیا گیا لیکن محمد رضوان نے جواب میں دونوں ہاتھوں سے بغلگیر کرنے کا اشارہ کیا جس پر شاہین شاہ آفریدی بھی مسکرا دیے۔
ملتان سلطانز کے کپتان کے اس عمل کو جہاں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بہت سراہا گیا وہیں شاہین شاہ آفریدی نے بھی اس پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
شاہین آفریدی نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ اس بندے کے لیے میرے دل میں بے پناہ عزت و تکریم ہے، اس کے ساتھ فیلڈ شیئر کرنا ہمیشہ سے مزیدار رہا ہے، چاہے وہ بطور ٹیم میٹ ہو یا پھر بطور مخالف کھلاڑی۔
لاہور قلندرز کے کپتان نے محمد رضوان کے بارے میں مزید لکھا کہ یہ ہمیشہ سے ہی بہت نرم گو اور دوستانہ رہے ہیں، رضوان نے ہر کسی کے لیے ایک بنچ مارک سیٹ کر دیا ہے، وہ ایک حقیقی رول ماڈل ہے۔
I have my utmost respect and admiration for this man. It's always a pleasure to share the field with him, be as teammates or as opposition. Always very competitive yet so humble and friendly, he's set the benchmark for everyone. A proper role model. pic.twitter.com/8Y6fzW4ylm
— Shaheen Shah Afridi (@iShaheenAfridi) February 12, 2022