حجاب پابندی کیس، طالبات نے دوبارہ سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی

نئی دہلی: بھارتی ریاست کرناٹک کی ہائیکورٹ کے حجاب پر پابندی کیس میں عبوری فیصلے کیخلاف مسلمان طالبات نے بھارتی سپریم کورٹ سے دوبارہ رجوع کر لیا۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق تعلیمی اداروں میں حجاب پہننے پر پابندی کے فیصلے کیخلاف کیس کی سماعت کرتے ہوئے کرناٹک ہائیکورٹ نے کیس کا فیصلہ آنے تک حجاب پہننے پر پابندی عائد کرنے کا عبوری فیصلہ سنایا تھا۔

کرناٹک ہائیکورٹ کے 3 رکنی بینچ کا کہنا تھا کہ طالبات حجاب پابندی کے خلاف کیس کا فیصلہ آنے تک تعلیمی اداروں میں حجاب نہ پہنیں۔

مسلمان طالبات نے کرناٹک ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف دوبارہ سپریم کورٹ میں درخواست دائرکر دی۔ درخواست میں سپریم کورٹ سے حجاب پر پابندی کیخلاف کیس کی جلد سماعت کی استدعا بھی کی گئی ہے۔

گزشتہ روز بھارتی سپریم کورٹ نے حجاب پرپابندی کیخلاف کیس کی سماعت کرنے سے انکارکردیا تھا۔ سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ حجاب پرپابندی کے خلاف کیس کی سماعت کرناٹک ہائیکورٹ میں ہونا چاہئیے۔

یاد رہے کہ ریاست کرناٹک میں ہندو انتہا پسند بی جے پی کی حکومت نے 5 فروری کو اسکولوں اور کالجز میں حجاب پہننے پر پابندی کا حکم دیا تھا۔ تعلیمی اداروں میں باحجاب طالبات کو روکے جانے پر بھارت کے مختلف شہروں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں