راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے ،افغان تنازع میں پاکستان کا کوئی فیورٹ نہیں ،ہماری واحد خواہش افغانستان میں امن واستحکام ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جرمنی ، اٹلی ، ہالینڈ اور فرانس کے سفیروں نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور ، علاقائی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش افغانستان میں امن و استحکام کے لیے تعاون کرنا ہے۔ ملاقات میں یورپی یونین کے ساتھ دوطرفہ تعاون بڑھانے پربھی بات چیت کی گئی۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ،ہم مشترکہ مفادات پر مبنی تعلقات کو بڑھانے کے منتظر ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آنے والے معززین نے علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور ہر سطح پر پاکستان کے ساتھ مزید تعاون کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔
ادھر عراق کے وزیر خارجہ فوادحسین نے بھی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ہے جس میں باہمی دلچسپی کےامور،علاقائی سلامتی اور افغانستان کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔ آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان عراق کےساتھ اپنےتعلقات کواہمیت دیتاہے۔