پاکستانی طلبہ نے ایک منٹ میں 50 ہزار پودے لگا کر نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے، اس سے قبل ایک منٹ میں 37 ہزار پودے لگانے کا ریکارڈ بھارت کے پاس تھا، مگر اب یہ اعزاز پاکستان نے نام سے منسوب ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ایک منٹ میں پچاس ہزار پودے لگانے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے جس میں سرکاری اسکولوں کے طلبہ نے ایک منٹ میں پودے لگا کر نیا عالمی ریکارڈ بنایا ہے۔
آج ہونے والے اس کارنامے کے بعد سائرن بجائے گئے اور ان سے پہلے قومی ترانہ بجایا گیا.
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس ریکارڈ کو بنانے میں ساڑھے 12 ہزار طلبہ نے ایک منٹ میں 50 ہزار پودے لگائے، پودے گوجرانوالہ میں اندرون شہر جی ٹی روڈ پر 12 کلومیٹر گرین بیلٹ پر لگائے گئے۔
وزیراعظم کے مشیر موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے اس شجرکاری مہم کی تقریب میں شرکت کی۔ 40 ڈرون کیمروں سے پودے لگانے کی ویڈیو ریکارڈ ہوئی اب یہ ویڈیو بطور شواہد گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ ٹیم کو دی جائے گی.
دوسری جانب حکومت کے سیاسی حریف مسلم لیگ ن کے ایم پی اے توفیق بٹ نے اس ریکارڈ ساز کارنامے پر اعتراض کرتے ہوئے کہاکہ بغیر پلاننگ اتنی بڑی تعداد میں پودے لگانے سے جنگل بن جائے گا جس کے باعث سیکیورٹی خطرات پیدا ہو سکتے ہیں اس سے بڑی بات ہے کہ شہر کی خوبصورتی ماند پڑ جائے گی۔