پی ایس ایل7:لاہور قلندرز نے کوئٹہ کو جیت کیلئے205 رنز کا ہدف دے دیا

پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے پہلے مرحلے کے میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے205 رنز کا ہدف دے دیا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے میچ میں کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دے دی۔

لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں5 وکٹوں پر 204 رنز بنائے، فخرزمان 70 رنز بناکر نمایاں رہے۔

لاہور قلندرز کی اننگز کا آغاز اچھا رہا اور اوپنر عبداللہ شفیق اور فخرزمان کے درمیان 61 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی تاہم عبداللہ 27 گیندوں پر 32 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

لاہور کو دوسرا نقصان کامران غلام کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 13 گیندوں پر 19 رنز بناکر پویلین لوٹے، اس کے علاوہ محمد حفیظ ایک بار پھر بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے اور صرف 8 رنز بناکر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔

تاہم دوسرے اینڈ سے فخر زمان جارحانہ بیٹنگ کرتے رہے تاہم وہ بھی 45 گیندوں پر 70 رنز بناکر آؤٹ ہوئے لیکن اختتامی اوورز میں ہیری بروک کی جارحانہ اننگز کی بدولت لاہور نے مقررہ 20 اوورز میں 204 رنز بنائے۔

ہیری بروک 17 گیندوں پر 41 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے اس کے علاوہ ڈیوڈ ویزا نے 9 گیندوں پر 22 رنز بنائے ۔

کوئٹہ کی جانب سے غلام مدثر نے 2 جبکہ افتخار احمد نے اور کوک ووڈ نے ایک ، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پوائنٹس ٹیبل کی بات کی جائے تو ملتان سلطانز پہلے اور اسلام آبادیونائیٹڈ 5 میں سے 3 میچز جیت کر 6 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ لاہور قلندرز تیسرے نمبرپر موجود ہے جبکہ کوئٹہ کا نمبر پانچواں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں