پاکستان اور چین کے حکام نے مارچ کے آخر میں افغانستان کی صورتحال پر بات چیت کیلئے ملاقات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ بات وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چین سے واپسی کے بعد راولپنڈی کے نور خان ایئربیس پر کہی۔
اس موقع پر وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین، وزیر خزانہ شوکت ترین بھی موجود تھے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ چین میں ہونے والے اجلاس میں افغانستان کو بھی مدعو کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ چین نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان صورتحال پر ایک اور اجلاس منعقد کیا جائے گا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چینی وزیراعظم لی کی چیانگ سے ملاقات میں معیشت، سرمایہ کاری اور چین پاکستان اقتصادی راہداری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے چین کی سرکاری اور نجی کمپنیوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ملاقاتوں کے دوران پاکستان اور چین نے بھارت میں اقلیتوں کی حالت زار پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت ملک میں سرمائی کھیلوں کو متعارف کرانے کے لیے مکمل فریم ورک لائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی قیادت کی ملاقات اپنے ذاتی مفادات کے تحفظ کے لیے تھی۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں پہلے ہی کئی لانگ مارچ کا اعلان کر چکی ہیں لیکن یہ ہمیشہ ناکام رہی ہیں۔