ممبئی کی عدالت نے بھارت کے ترانے کا احترام نہ کرنے پر مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بینرجی کو طلب کرلیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی کی ایک عدالت میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن کی جانب سے ایک درخواست دائر کی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بینرجی نے عوامی مقام میں ایک تقریب کے دوران بھارت کے قومی ترانے کی بے عزتی کی۔
ممبئی کی مقامی عدالت کی جانب سے بھارت کے قومی ترانے کا احترام نہ کرنے پر ممتا بنرجی کو سمن جاری کرتے ہوئے 2 مارچ کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
اس موقع پر جوڈیشل مجسٹریٹ کا کہنا تھا کہ درخواست گزار کی جانب سے عدالت کو ثبوت کے طور پر ویڈیو بھی پیش کی گئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ دیگر عہدیداروں کے ہمراہ بھارت کے قومی ترانے کا احترام نہیں کررہی ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ممتا بینرجی بھارت کے قومی ترانے کے احترام میں کھڑی نہیں ہوتی اور پھر ترانہ ختم ہونے سے قبل ہی تقریب ادھوری چھوڑ کر چلی جاتی ہیں۔