مختلف ممالک سے فضائی سفر کر کے کراچی پہنچنے والے مسافروں میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
محکمہ صحت سندھ نے گزشتہ ماہ کراچی ائیرپورٹ پر مسافروں کے کورونا ٹیسٹ کے اعداد و شمار جاری کیے ہیں جس کے مطابق 5 جنوری 2022 سے 31 جنوری تک کراچی ائیر پورٹ پہنچنے والے 78 ہزار 317 مسافروں کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کراچی پہنچنے والے 469 مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 77 ہزار 848 مسافروں کے کورونا ٹیسٹ منفی آئے۔
ذرائع محکمہ صحت سندھ کے مطابق 2141 پروازوں کے ذریعے 3 لاکھ 930 مسافر کراچی ائیرپورٹ پہنچے تھے، ان میں شامل بخار، زکام ، کھانسی کا شکار مشتبہ مسافروں کے ٹیسٹ کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق 13 جنوری سے 2فروری تک گھروں میں قرنطینہ کرنے والے مسافروں کی تعداد 167 ہے۔ یہ مسافر مختلف پروازوں کے ذریعے جدہ، متحدہ عرب امارات، قطر اور دیگر ممالک سے کراچی پہنچے تھے۔