فرنٹیئر کور بلوچستان نے انٹرنیشنل باکسر ملائیکہ زاہد کو ورلڈ یوتھ باکسنگ چمپئن شپ کیلئے اسپانسر شپ دینے کا اعلان کردیا۔
فرنٹیئر کور بلوچستان (نارتھ) کی جانب سے کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی 16 سالہ انٹرنیشنل باکسر ملائیکہ زاہد کو 27 فروری کو اومان میں منعقد ہونیوالی ورلڈ یوتھ باکسنگ چمپئن شپ کیلئے 6 لاکھ روپے کی اسپانسر شپ دیدی گئی۔
انٹرنیشنل باکسر ملائیکہ زائد نے فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ کے فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایف سی بلوچستان کی مشکور ہیں جو طویل عرصے سے انٹرنیشنل اور نیشنل گیمز میں سپورٹ کررہی ہیں۔
واضح رہے کہ ملائیکہ زاہد ریلوے پولیس ملازم کی بیٹی ہیں، جو گزشتہ 6 برس سے باکسنگ کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا رہی ہیں اور منی اولمپکس سمیت قومی سطح کے کئی مقابلوں میں کامیابی حاصل کرکے نام کما چکی ہیں۔
ایف سی حکام کے مطابق فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ مثبت سرگرمیوں کے فروغ کیلئے بلوچستان کے نامور کھلاڑیوں کو سپورٹ کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایف سی کی جانب سے ملائیکہ زاہد کو اسپانسر کرنے کا مقصد صوبے کی خواتین کو یہ یقین دلانا ہے کہ ایف سی نارتھ صوبے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے بلاتفریق ہر طبقے کے ساتھ تعاون اور مدد کیلئے تیار ہیں.