تازہ مچھلی کی شناخت کیسے کریں ؟

سردیوں میں مچھلی کھانے کے بے شمار فائدے ہیں اس کا اندازہ اسی بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ جیسے ہی سردیاں شروع ہوتی ہیں لوگ مچھلی کو گھر میں لا کر مختلف طریقوں سے پکا کر سردیوں میں مچھلی کھانے کی روایت کو برقرار رکھتے ہیں۔ سردیوں میں مچھلی کو کھانا موسم سرما کی آمد کی نشاندہی کرتا ہے۔موسم سرما میں مچھلی کو کھانے سے نہ صر جسم کو حرارت ملتی ہے بلکہ اسکے بے حد قدرتی غذائی اجزا جسم کو بے تحاشا بیماریوں سے لڑنے کی طاقت بھی فراہم کرتے ہیں۔

مچھلی کے بےشمار طبی فوائد ہیں لیکن یہ تمام فائدے آپ کو تب ہی پہنچ سکتے ہیں جب آپ تازہ مچھلی کھائیں۔باسی مچھلی آپ کو فائدہ پہچانے کے بجائے مزید نقصان پہنچا سکتی ہے اور آپ کی صحت کو خراب کرسکتی ہے۔

سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ یہ کیسے معلوم ہو کہ جو مچھلی ہم خرید رہے ہیں وہ تازہ ہے یا کہ باسی؟ تو اس کے لیے ہم آپ کو تازہ مچھلی کی چند ایسی نشانیاں بتائیں گے جنہیں ذہن نشین کر کے آپ مارکیٹ میں کھڑے کھڑے ہی باآسانی تازہ مچھلی اور باسی مچھلی کے فرق پہچان سکتے ہیں۔

اس حوالے سے چند عام چیزوں کا خیال رکھنا آپ کیلئے مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

گلپھڑے

مچھلی کے گلپھڑے صاف اور شوخ سرخ رنگ کے ہونے چاہئے، مچھلی عمر بڑھنے سے گلپھڑے کا رنگ مدھم اور بھورا ہونے لگتا ہے، جبکہ ان میں بو واضح علامت ہے کہ یہ مچھلی کھانے کے لائق نہیں۔

مچھلی کی بو

اکثر افراد کو مچھلی کی بو پسند نہیں ہوتی مگر ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ اس بات کو یقینی بنانے کا بہترین طریقہ ہے کہ آپ جو مچھلی کھارہے ہیں وہ تازہ ہے یا نہیں۔

اچھی مچھلی کی بو زیادہ بری نہیں ہوتی بلکہ معتدل ہوتی ہے، اس کے مقابلے میں اگر بہت بری بو آرہی ہے تو یہ پہلی نشانی ہے کہ یہ مچھلی باسی ہے یا کیمیکلز سے محفوظ کی گئی ہے، ایسی بو اکثر اسے پکانے کے بعد بھی برقرار رہنے کا امکان ہوتا ہے۔

آنکھیں جھوٹ نہیں بولتی

جی ہاں واقعی مچھلی کی آنکھیں جھوٹ نہیں بولتی، یہ سننے میں تو عجیب لگ سکتا ہے مگر حقیقت ہے۔ مچھلی خریدے ہوئے اس کی آنکھوں کو دیکھیں۔ تازہ مچھلی کی آنکھیں کلیئر، چمکدار اور پوری ہوتی ہیں، جبکہ ان میں دھندلا پن اس چیز کی علامت ہے کہ اسے وہاں رکھے بہت دیر ہوچکی ہے اور وہ باسی یا خراب ہے۔

مستحکم ساخت

تازہ مچھلی کا جسم اندر اور باہر سے ٹھوس یا مستحکم ہوتی ہے، جلد میں چمک ہوتی ہے۔ جب انگلی سے جسم کو دبایا جائے تو اندر جانے والا حصہ اسپرنگ کی طرح واپس اصل شکل میں آجاتا ہے جبکہ جلد بھی ڈھیلی نہیں ہوتی۔ اس کے مقابلے میں باسی مچھلی کی رنگت مدھم ہوتی ہے اور گوشت نرم اور پلپلا ہوتا ہے،

مجموعی جائزہ

جب مچھلی خریدنے لگے تو دیکھیں کہ اس کا رنگ ماند نہ ہو، آنکھوں میں سفید لیئر نہ ہو جبکہ گلپھڑے اور دم فریش ہو۔ یہ بھی یقینی بنائیں کہ اس کا جسم ہلکا سا پھسلن والا ہو اور گوشت کی رنگت بدلی ہوئی نہ ہو۔ تازہ مچھلی کے گوشت کا رنگ شوخ گلابی رنگ کا ہوتا ہے اور اس کے ٹکڑے کرتے ہوئے خون بھی خارج ہوتا ہے۔

سندس رانا، کراچی

اپنا تبصرہ بھیجیں