عوام کی بڑی تعداد بوسٹر لگوا چکی ہے، اسد عمر

وفاقی وزیر اسد عمر اور معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کا بہترین طریقہ ویکسی نیشن ہے، عوام کی بڑی تعداد بوسٹر لگوا چکی ہے۔

میڈیا بریفنگ میں معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ 18کروڑ افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے، بوسٹر لگوانے والوں کو کورونا ہونے کے باوجود کم مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کورونا کی ویکسینیشن کی خصوصی مہم شروع کردی ہے،مہم کے تحت ٹیمیں گھر گھر جا کر ویکسین لگائیں گی،عوام ہر صورت ویکسینیشن کرائیں۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ کورونا کی ویکسین مفت لگائی جا رہی ہے۔

اس موقع پر معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کورونا کا بھرپور طریقے سے مقابلہ کیا جا رہا ہے،55 ہزار ٹیمیں ویکسین کی خصوصی مہم میں حصہ لے رہی ہیں۔

واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 5 ہزار 327 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 32 مریض اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ مزید 3 ہزار 665 مریض شفایاب ہو گئے۔

پاکستان بھر میں اب تک 29 ہزار 301 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس کے کُل مریضوں کی تعداد 14 لاکھ 30 ہزار 366 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 1 لاکھ 5 ہزار 675 زیرِ علاج مریضوں میں سے 1 ہزار 500 کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 12 لاکھ 95 ہزار 390 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 55 ہزار 202 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 2 کروڑ 50 لاکھ 73 ہزار 585 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں