پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 7 ویں ایڈیشن کے ساتویں میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے175 رنز کا ہدف دے دیا۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر ملتان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں4 وکٹوں کےنقصان پر174 رنز بنائے ، شان مسعود 88رنز بناکر نمایاں رہے۔
ملتان سلطانز کی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا اور کپتان محمد رضوان بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوگئے۔
ایک وکٹ گرنے کے بعد شان مسعود اور صہیب مقصود کے درمیان 50 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی تاہم 62 رنز کے مجموعی اسکور پر صہیب 21 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
ملتان کو تیسرا نقصان رائیلی روسو کی صورت میں اٹھانا پڑا ، وہ بھی 21 رنز بناسکے تاہم دوسرے اینڈ سے شان بہترین بیٹنگ کرتے رہے لیکن وہ بھی 88 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے علاوہ ٹم ڈیوڈ 28 اور خوشدل شاہ 8 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
کوئٹہ کی جانب سے محمد حسنین نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل ٹاس کے موقع پر سرفراز احمد کا کہنا تھاکہ کوشش کریں گےکم سے کم رنز پر آؤٹ کریں، ٹارگٹ حاصل کریں، ہمارے اوپنر اچھا کھیل رہےہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ نسیم شاہ اچھی بولنگ کررہےہیں، یہ ان کے کیرئیر کیلئے بھی اچھا ہے۔
ملتان سلطانز کے کپتان رضوان احمد کا کہنا تھاکہ پچ کو دیکھتے ہوئے اگر ٹاس جیت جاتے تو بولنگ ہی کرتے، ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے اور احسان اللہ کی جگہ عباس آفریدی اسکواڈ میں شامل ہیں۔