سندھ: گھر گھر کرونا ویکسی نیشن مہم کل سے شروع ہوگی

سندھ میں کرونا ویکسی نیشن کی شرح میں اضافے کے پیش نظر گھر گھر ویکسینیشن مہم کل یکم فروری سے شروع ہوگی۔

مہم کے دوران 12 سال سے زائد عمر کے ایک کروڑ 84لاکھ 60ہزار سے زائد شہریوں کو کروناسے بچائو کی حفاظتی ویکسین لگائی جائے گی۔

حفاظتی ٹیکوں کے توسیعی پروگرام برائے سندھ کے مطابق محکمہ صحت سندھ کے تعاون سے کرونا ویکسینیشن مہم کا افتتاح وزیر صحت سندھ منگل کے روز کریں گی۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق گزشتہ ماہ جنوری میں کرونا وائرس کے 51 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس وقت سندھ کی 37 فیصد آبادی کو کرونا سے بچاو کی ویکسین لگائی جا چکی ہے جبکہ کروڑ 30 لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین کی دونوں خوراکیں دی جا چکی ہیں اس کے علاوہ ایک کروڑ 80 لاکھ سے زائد افراد کو پہلی خوراک دی گئی ہے۔

ای پی آئی سندھ کے سربراہ ڈاکٹر ارشاد میمن کا کہنا ہے کہ یہ مہم وقت کی ضرورت ہے، اس مہم سے کوریج بڑھانے میں مزید مدد ملے گی جبکہ شہریوں کو اپنے گھر کی دہلیز پر ویکسین لگانے کا موقع ملے گا۔

ای پی آئی پروگرام کے صوبائی سربراہ کا کہنا ہے کہ یہ مہم محکمہ صحت سندھ، این سی او سی اور نیشنل ای پی آئی کے تعاون 14 فروری تک چلائی جائے گی، اس دوران ایسے شہریوں کو گھر گھر کرونا ویکسین لگائی جائے گی جنہوں نے کرونا ویکسین نہیں لگوائی یا صرف ایک ڈوز لگائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ہفتوں میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے اس لیے وائرس کے خلاف شہریوں کی قوت مدافعت کو بڑھانے کے لیے ویکسینیشن کی ضرورت ہے۔

مہم کے دوران 12 سال سے زائد عمر ایک کروڑ 27 لاکھ 48 ہزار 123 شہریوں کو کرونا ویکسین کی پہلی خوراک اور 57 لاکھ 12 ہزار 14 شہریوں کو دوسری خوراک لگائی جائے گی، جو مجموعی طور پر ایک کروڑ 84لاکھ 60ہزار 137 خوراکیں بنتا ہے۔

ای پی آئی سندھ صوبے بھر میں 10 ہزار 988 سوشل موبلائزر تعینات کر رہا ہے جو گھر گھر جاکر شہریوں کو پہلی اور دوسری خوراک لگائیں گے اس کے علاوہ ایک ہزار 134 یو سی ایم اوز ان کی نگرانی کریں گے۔

ڈاکٹر ارشاد میمن کا کہنا تھا کہ اس مہم کے لیے اسپوٹنک کی ایک لاکھ 80 ہزار 459، موڈرنا کی تین لاکھ 54 ہزار 652، فائزر کی 22 لاکھ ایک ہزار 759، سائنوفارم کی چھے لاکھ 76 ہزار 641، سائنوویک کی 21 لاکھ 31ہزار 573 اور ایسٹرازینیکا کی 4 لاکھ 74 ہزار 573 خوراکیں دستیاب ہونگی

اپنا تبصرہ بھیجیں