ملتان سلطانز نے دوسرا میچ بھی جیت لیا، لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 7 کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنا مسلسل دوسرا میچ بھی جیت لیا۔

ملتان سلطانز کے اوپنرز محمد رضوان اور شان مسعود کے درمیان 150 رنز کی پارٹنرشپ میچ کا میں فرق ثابت ہوئی۔

شان مسعود شاندار 83 اور کپتان محمد رضوان 69 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جبکہ ان کے ساتھ ہی 5 رنز بنانے والے ریلی روسو بھی پویلین لوٹ گئے۔

میچ کو وننگ لائن تک پہنچانے میں صہیب مقصود نے 20 رنز کا کردار نبھایا لیکن وہ بھی 16 رنز قبل آؤٹ ہوگئے۔

جب آخری اوور میں ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 16 رنز درکار تھے تو ایسے میں خوشدل شاہ نے 3 مسلسل چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ٹیم کو اعصاب شکن مقابلے میں فتح دلوادی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے کپتان شاہین آفریدی 3 وکٹیں لے کر نمایاں رہے جبکہ حارث رؤف اور راشد خان کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

اس سے قبل لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے تھے۔

قلندرز کی جانب سے فخر زمان نے دھواں دھار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 76 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کامران غلام 43 اور محمد حفیظ نے 16رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اننگز کے اختتامی لمحات میں راشد خان نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 گیندوں پر 17رنز بنائے۔

ملتان سلطانز کی طرف سے عمران طاہر، خوشدل شاہ، ڈیوڈ ویلے، شاہنواز ڈاہانی اور احسان اللّٰہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی

اپنا تبصرہ بھیجیں