اگر اکاؤنٹس منجمد کرنے ہیں تو ثبوت بھی دینا ہوں گے: حریم شاہ

ٹک ٹاکر حریم شاہ کا کہنا ہے کہ اگر میرے اکاؤئنٹس منجمد کرنے ہیں تو ثبوت بھی دینا ہوں گے۔

لندن میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سوشل میڈیا اسٹار حریم شاہ کا کہنا تھا کہ اکاؤنٹس منجمد ہونے سے متعلق خبروں کا میڈیا کے ذریعے پتہ چلا، پاکستان جاکر ہر ادارے کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے تیار ہوں۔

حریم شاہ نے کہا کہ منی لانڈرنگ سے متعلق ویڈیو مذاق میں بنائی تھی اور اپنی غلطی بھی تسلیم کرتی ہوں، ایف آئی اے کو مجھ سے پتہ نہیں کیا ذاتی خلش ہے، ایف آئی اے کو کیا حق ہے کہ ان کی ذاتی دستاویزات میڈیا کو دے، اگر میرےاکاؤنٹس منجمد کرنے ہیں تو ثبوت بھی دینا ہوں گے۔

دوران انٹرویو حریم شاہ نے کہا کہ میں خطروں کی کھلاڑی ہوں، خائف ہونے والی نہیں، میری تمام آمدنی قانونی اور ریکارڈ شفاف ہے، ہمارے اداروں کا کام ہماری حفاظت کرنا ہے نہ کہ تنگ کرنا۔

ٹک ٹاکر نے مزید کہا کہ میرا کسی اور کے نام پر بھی کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے، شہزاد اکبر نے اپنی بےعزتی خود کرائی، ان کے مجھ سے متعلق خط کو یہاں کسی ادارے نے کوئی اہمیت نہیں دی، شہزاد اکبر کے چیلے اب بھی میرا میڈیا ٹرائل کرنا چاہتے ہیں۔

حریم شاہ کا کہنا تھا کہ میں لندن میں انجوائے کر رہی ہوں، کسی برطانوی ادارے نے مجھ سے رابطہ نہیں کیا، میرے تمام دعوے ثبوتوں کے ساتھ ہوتے ہیں، الزام لگانے والوں کا مقصد صرف میری کردار کشی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں