جناح اسپتال میں علیحدہ جیل وارڈ بنانے کی تیاری

جناح اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد رسول نے اسپتال میں علیحدہ جیل وارڈ بنانے کی تیاری کی تصدیق کر دی، انہوں نے بتایا کہ جلد سیکریٹری ہیلتھ کو پروپوزل بھیجا جائے گا۔

نجی ٹی وی کے مطابق جناح اسپتال میں عارضی طور پر جیل وارڈ بنانے کی تیاری کی جا رہی ہے، جس کا مقصد جیل سے آنے والے بیمار یا کسی مرض کے شکار قیدیوں کو وہاں رکھا جائے گا۔

اس سے قبل جیل سے آنے والے قیدیوں کے لیے جیل وارڈ نہ ہونے کی وجہ سے اسپیشل وارڈ میں داخل کیا جاتا تھا جہاں بااثر اور سیاسی اثر و رسوخ والے قیدی بیماری کو جواز بناکر اسپیشل وارڈ میں داخل ہوجاتے تھے اور طویل عرصے تک بیماری کا بہانہ بناکر وہاں داخل رہتے تھے۔

سول اسپتال کراچی میں بھی جیل وارڈ موجود ہے جہاں اسپتال کے ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل اسٹاف تعینات ہے۔

جیل وارڈ پرانی سرجیکل بلڈنگ میں آرتھوپیڈک وارڈ میں قائم کیا جائے گا، جناح اسپتال میں نئے او پی ڈی میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر کے بعد وارڈ شفٹ کر دیے گئے تھے۔

جناح اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد رسول نے جیل وارڈ کے قیام کی تصدیق کرتے ہوئے سماء ڈیجیٹل کو بتایا کہ عارضی جیل وارڈ کے قیام کے لیے تیاری مکمل ہے اور سیکریٹری ہیلتھ کو جلد پروپزل بھیج دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پرانی سرجیکل بلڈنگ خالی ہے جہاں آرتھوپیڈک وارڈ میں عارضی طور پر جیل وارڈ بنایا جائے گا کیونکہ جب یہ عمارت گرا دی جائے گی تو پھر کسی اور جگہ جیل وارڈ بنایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ہم اپنے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف تعینات کریں گے، اس وقت اسپتال میں کوئی قیدی مریض موجود نہیں ہے، جیل وارڈ نہ ہونے کی وجہ سے قیدی اسپیشل وارڈ میں داخل کیے جاتے تھے، جیل وارڈ کے لیے پروپوزل تیار کرلیا ہے جو محکمہ صحت سندھ کو جلد بھیجا جائے گا۔

واضح رہے کہ 10 سال قبل محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جناح اسپتال میں جیل وارڈ کے قیام کے لیے فنڈز بھی مختص کیے گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں