متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست شارجہ نے پاکستان کی درخواست قبول کرتے ہوئے پاکستانی مسافروں کو سفر کی اجازت دے دی۔
خیال رہےکہ یو اے ای کی 2 ریاستوں شارجہ اور دبئی نےکورونا کی بھارتی قسم ڈیلٹا ویریئنٹ کے باعث پاکستان سمیت جنوبی ایشیا سے آنے والے مسافروں کے لیے’ ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ’ کی شرط لازم قرار دی تھی جس کی سہولت پاکستانی ائیرپورٹس پر ابھی دستیاب نہیں ہے۔
حکومت پاکستان نے دونوں ریاستوں سے ملک میں ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل کی تھی اور درخواست کی تھی کہ پاکستان سے رہائشی ویزوں کے حامل مسافروں کے ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ (آر اے ٹی ٹیسٹ) قبول کیے جائیں۔
یاد رہے کہ گذشتہ دنوں کراچی ائیرپورٹ پر مسافروں کا ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ نہ لیے جانے کے سبب ایمریٹس ائیرلائن 70 پاکستانی مسافروں کو چھوڑ کر دبئی روانہ ہوگئی تھی۔
ذرائع کے مطابق اب شارجہ نے پاکستان کی درخواست قبول کرتے ہوئے آر اے ٹی ٹیسٹ کرانے پر رضامندی ظاہرکردی ہے۔
دوسری جانب دبئی ائیرپورٹ حکام کی جانب سے بھی پاکستان سے آنے والے مسافروں کے لیے نئی سفری ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق دبئی کا رہائشی ویزہ رکھنے والے افراد کو ریاست میں داخلے کے لیے ویکسینیشن کارڈ کی ضرورت نہیں، مسافر کو 48 گھنٹے پہلے پی سی آر ٹیسٹ اور چار گھنٹے پہلے ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا اور مسافروں کا دبئی پہنچنے پر کورونا ٹیسٹ بھی کیا جائےگا