ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ کو ڈی پورٹ کرنے پر سربیا کے صدر الیگزینڈر ووجچ آسٹریلیا پر سخت برہم ہوگئے۔
سربین صدر کا کہنا ہےکہ آسٹریلیا سمجھتا ہےکہ 10 روز برا رویہ اپنا کر انہوں نے جوکووچ کی تذلیل کی، لیکن آسٹریلیا نے خود اپنی تذلیل کی ہے۔
الیگزینڈر ووجچ کا کہنا تھا کہ نوواک جوکووچ سر اٹھا کر اپنے ملک واپس آسکتا ہے۔
خیال رہے کہ ٹینس کے عالمی نمبر ایک سربیا کے نوواک جوکووچ کا آسٹریلیا کا ویزا منسوخ کر دیا گیا، تین ججز نے متفقہ طور پر جوکووچ کی اپیل مستردکردی۔
خبر ایجنسی کے مطابق نوواک جوکووچ آسٹریلیا سے دبئی کے لیے روانہ ہوگئے ہیں وہ آسٹریلیا سے براستہ دبئی واپس سربیا جائیں گے۔
واضح رہے کہ نوواک جوکووچ بغیر کویڈ ویکسین کے ٹینس آسٹریلیا کی جانب سے ملے طبی استثنا پر آسٹریلیا پہنچے تھے ۔ جوکووچ نے آسٹریلیا کے امیگریشن حکام کی جانب سے اپنا ویزا دوسری مرتبہ منسوخ کیے جانےکے خلاف فیڈرل کورٹ میں اپیل کی تھی جو مستردکردی گئی اور آج ہی انہیں ڈی پورٹ کردیا گیا۔